لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ نو مئی کے واقعات کی تحقیقات اور ان میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کی درخواست پر کارروائی ملتوی کر دی ۔
جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت نے سید اظہر عباس کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سانحہ نومئی کے واقعات کی تحقیقات اور ان میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کی استدعا کی گئی ۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔
درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری ڈیفنس سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ عام انتخابات سے قبل سانحہ نو مئی میں ملوث ملزمان کو سزائیں دی جائیں۔
یاد رہےکہ نو مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رینجرز کی معاونت سے نیب کےہاتھوں گرفتاری پرتحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان نے ملک بھر میں جلائو گھرائو شروع کر دیا تھا، اس دوران عسکری اور دیگر سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ان واقعات میں ملوث افرادکیخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں،اور درجنوں افراد گرفتار ہیں ،جبکہ متعدد افراد کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیلئے حوالے کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ سول اور عسکری قیادت متعدد بارنومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔