وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر کا کہنا ہے کہ تمام کھاد کمپنیاں اور ڈیلرز یکساں قیمت پر یوریا کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر رانا تنویر کی زیر صدارت فرٹیلائزرکی سپلائی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں ملک میں کھاد کی سپلائی چین اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خریف سیزن میں یوریا کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خریف سیزن میں یوریا کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے دو لاکھ میٹرک ٹن ایکسپورٹ کر رہے ہیں اور فرٹیلایزر کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
رانا تنویر کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہماری حکومت کا ایجنڈا اور مشن ہے، سپلائی چین اور مناسب قیمت پر یوریا کی فراہمی اولین ترجیح ہے، تمام کھاد کمپنیاں اور ڈیلرز یکساں قیمت پر یوریا کی فراہمی کو یقینی بنایں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یوریا کی بلیک مارکیٹنگ پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے ، وفاقی حکومت کے اقدامات پر عمل دار آمد صوبوں کی زمہ داری ہے ، ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کیخلاف اپنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، نظام میں میرٹ اور شفافیت لانے کیلئے ایجنسیوں کی خدمات بھی لی جایں گی ، فرٹیلایزر مافیا کے ہاتھوں کسانوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں ہے، کسانوں کو کھاد کی فراہمی کیلئے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کا اعلامیہ
بعدازاں، اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ خریف سیزن کے دوران یوریا کی فراہمی اولین ترجیح ہے، یوریا کا ہدف پورا کرنے کیلئے 2 لاکھ ٹن درآمد کررہے ہیں اور اسمگلنگ، بلیک مارکیٹنگ روکنے کیلئےاقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات پر عملدرآمد صوبوں کی ذمہ داری ہے، ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی، بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز سے سختی سے نمٹا جائے گا۔