وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دے دی۔ یقین دلایا کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاک چین تعاون بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ مختلف وفاقی وزارتوں نے دو طرفہ معاشی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہیں۔ چین سے زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ بھی چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنایا جائے گا۔ وزارتیں نئے منصوبوں کی تیاری اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے کے اقدامات یقینی بنائیں۔