وفاقی وزیرنجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ نعرہ تکبیر کے نام پر بننے والی مملکت خداداد کے ہر شہری کو یوم تکبیر مبارک ہو۔
یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنانے والا ہرشخص قابل فخر اور داد تحسین کا مستحق ہے، دشمن کے دانت کھٹے ہوئے، 28 مئی کو خطے میں طاقت کا توازن قائم کرنا کامیابی تھی۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے 26سال قبل سیاسی قیادت نے بلاشبہ جرات دکھائی، ہمارا دفاع مضبوط تر ہوا،ایٹمی دھماکوں نے دشمن کی ساری خوش فہمی دور کردی۔ پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بننے والی ریاست کی مسلح افواج کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی سائنسدان، ماہرین، انجینئرز اور تکنیکی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یوم تکبیر پر ہرشہری کو مادروطن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے، انشاء اللہ پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔