وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان تاجکستان میں دو روزہ انٹرنیشنل ریجنل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دو شنبے میں 29 اور 30 مئی کو ہونے والی کانفرنس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو دورے کی دعوت تاجک وزیر ٹرانسپورٹ نے دی ہے۔
کانفرنس میں چین، بھارت، آرمینیا، ایران، ترکی اور آذربائیجان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ عالمی مالیاتی اور سرمایہ کاری کے اہم اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ ایشیا اور یورپ سے وسط ایشیائی ریاستوں کو منسلک کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان کہتے ہیں نئی شاہراہوں کی تعمیر سے تجارتی منڈیوں کی بندرگاہوں تک رسائی ہوگی۔ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے لئے روڈ نیٹ ورک میں مکمل تعاون کرے گا۔ پاکستان پہلے ہی افغانستان اور چین کے راستے تاجکستان تک روڈ نیٹ ورک پر کام کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ایسے منصوبے تجارت کے فروغ اور ملکوں کے درمیان تعاون کا باعث ہوں گے۔