چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے داسو چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کے لیے واپڈا، خیبر پختونخوا اور پولیس کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنا کر پندرہ روز میں سفارشات مانگ لیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو چلاس سیف سٹی پراجیکٹ پر اجلاس ہوا، اجلاس میں محسن نقوی نےچینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے لیےداسو چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کی تیاریاں مکمل کرنے اور سیکیورٹی کاجامع پلان طلب کر لیا ،داسو چلاس سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کے لیے واپڈا، خیبر پختونخوا اور پولیس کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنا کر پندرہ روز میں سفارشات پیشن کرنےکا حکم جاری کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ دوست ملک کے باشندوں کی حفاظت میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ملک کی ترقی میں مصروف چینی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے،ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ داسو چلاس سیف سٹی پراجیکٹ اسلام آباد اور لاہور کی طرز پر ہوگا،مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس نظام ہونا چاہئے ، اس منصوبے سے علاقے کی مؤثر نگرانی اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے گی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین واپڈا کے ساتھ اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی بھی موجود تھے ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ہوم، ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا اور آر پی او ہزارہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔