سرکاری ملازمین کی دُہری شہریت پر پابندی کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا گیا۔
رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے سول سرونٹس ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کا بل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا جس کے مطابق دہری شہریت رکھنے والا سول سرونٹ تقرری کا حق دار نہیں ہو گا۔
مجوزہ ترمیمی بل کے مطابق سرکاری ملازمین کی دہری شہریت دیکھنے میں آئی ہے اور ایسےملازمین اپنے ملکی مفاد داؤ پر لگا دیتے ہیں ، ایسےسرکاری ملازمین احتساب سے بچنے کیلئے ریٹائرمنٹ کے بعد ملک بھی چھوڑ دیتے ہیں۔
نور عالم کی سماء سے گفتگو
بل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نورعالم کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت پر پابندی پہلے ہی موجود ہے، ججز اورسرکاری ملازمین کی دہری شہریت پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔
نورعالم خان کا کہنا تھا کہ کسی جج اور سرکاری ملازم کو دہری شہریت رکھنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے دونوں بل قومی اسمبلی میں جمع کرائے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین حساس فیصلے کرتے ہیں، سرکاری ملازمین کی وفاداری بھی پاکستان سے ہونی چاہیے کسی اور ملک سے نہیں۔