حکومت گلگت بلتستان اورایس آئی ایف سی کے منصوبے گرین ٹورازم کمپنی کا سیاحت کے فروغ کیلئے معاہدہ طے پایا ہے۔
معاہدے کے تحت گلگت بلتستان کے 44 سرکاری خستہ حال گیسٹ ہاوسز کو جدید طرز پر تیار کیا جائے گا۔ معاہدے میں شامل گیسٹ ہاوسز کئی برس سے سرکاری خزانے پر بوجھ تھے جن سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا تھا۔
ان گیسٹ ہاوسز کی تزین و آرائش سے علاقے میں سیاحت کے شعبے میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے مواقعے بھی پیدا ہونگے۔ اس منصوبے سے سیاحوں کا گلگت بلتستان کی جانب رجحان بڑھے گا۔
گرین ٹورازم کمپنی ابتدائی طور پر 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرےگی۔ سالانہ منافع کا 20 فیصد گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے استعمال کیاجائیگا جبکہ سالانہ آمدنی کا 35 فیصد گلگت بلتستان حکومت کو صوبے کی ترقی کے لیے دیاجائے گا۔





















