وزیراعظم شہبازشریف نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیرحسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے طلباء کو واپس لانے کے حوالے سے ضروری انتظامات کرنےکی ہدایت کردی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے سفیرحسن علی ضیغم کو ہدایت کی کہ تمام پاکستانی طلبا اور ان کےخاندانوں سےرابطے میں رہا جائے، زخمی پاکستانی طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر پاکستان لایا جائے۔ کرغزستان میں مقیم خاندان کی وطن واپسی کا انتظام ترجیحی بنیادوں پرکیا جائے۔ حالات معمول پر آنے کے باوجود کوئی واپس آنا چاہتا ہے تو سہولیات دی جائیں۔
پاکستانی سفیر نے کرغز نائب وزیر خارجہ سے ملاقات سے متعلق آگاہ کیا، پاکستانی سفیر نے کہا کہ کرغزحکومت نے بتایا حالات پرمکمل طورقابوپا لیا گیا ہے، کل رات اور آج تشدد کا کوئی نیا واقعہ نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ خصوصی طیارہ آج شام بشکیک کرغزستان کے لئے روانہ ہوگا، خصوصی طیارہ رات کو130 پاکستانی طلباء کو لے کر پاکستان پہنچے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پرخصوصی طیارے کے تمام تر اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی۔