ممبران قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور زرتاج گل کے درمیان تلخی کے معاملے پر سپیکر سردار ایاز صادق کی مداخلت کام کرگئی۔
بدھ کے روز قومی اسمبلی کے سیشن کے دوران مسلم لیگ کے رکن اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور سنی اتحاد کونسل کی خاتون رکن زرتاج گل کے درمیان تلخی ہوئی تھی جس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے دونوں کو اپنے چیمبر میں بٹھا کر صلح کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ اسمبلی فلور پر زرتاج گل سے معافی مانگیں گے اور ان کی رواں سیشن کے لیے بھی رکنیت معطل ہوگی۔
اس سے قبل سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ بات کی تھی جبکہ اس دوران پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے اراکین بھی اسپیکر چیمبر میں موجود تھے۔
لازمی پڑھیں۔ قومی اسمبلی اجلاس: زرتاج گل اور طارق بشیر چیمہ کے درمیان تلخ کلامی
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بجٹ سیشن کیلئے طارق بشیرچیمہ کی رکنیت معطلی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تاہم، صلح کے بعد سنی اتحاد کونسل کے رکن اور سابق رکن اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ باہمی مشاورت سے معاملات طے ہوگئے ہیں، تمام پارٹیوں نے مشترکہ فیصلہ کیا اور اچھا کردار ادا کیا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خواتین سب کے لیے قابل احترام ہیں، تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں سب نے ساتھ دیا۔