فرٹیلائزر مینوفیکچررز ایڈوائزری کونسل ( ایف ایم پی اے سی ) نے یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔
وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے ایم ڈی اور سی ای او فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے ملاقات کی جس کے دوران ایف ایم پی اے سی کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایف ایم پی اے سی کی جانب سے تجزیز دی گئی کہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے لیے تیار ہیں، حکومت تمام کھاد کار خانوں کو صرف ماڑی گیس فیلڈ سے گیس فراہم کرے اور آئندہ 10 سال تک تمام فرٹیلائزر انڈسٹری کو گیس فراہمی کی یقین دہانی کرائے۔
حکومت پورے پاکستان میں یوریا کھاد کی یکساں قیمتیں مقرر کرے اس سے مڈل مین اور ایجنسیز کی طرف سے منافع خوری ختم ہوجائے گی، کھاد کی پیداواری صلاحیت اور توانائی کی کارکردگی میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔
ایم ڈی ایف ایف سی کا کہنا تھا کہ کسانوں کیلئے سستی یوریا کھاد دستیابی یقینی بنائیں گے جس سے یوریا کی درآمد پر زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی جبکہ کھاد کی صنعت کو حکومت سے کسی قسم کی سبسڈی کی ضرورت نہیں ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت فرٹیلائزر مینوفیکچررز ایڈوائزری کونسل کی تجویز اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) میں لے جائے گی، کسانوں کو سہولت میسر کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔