پوری قوم کا جنگ ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو سلام ، ملک بھر میں آج یوم دفاع بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
جنگ ستمبرمیں پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا کہ دشمن کی آنے والی نسلیں بھی نہیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔
1965 میں پاکستان کی غیور قوم اور بہادر افواج نے تاریخ عالم میں مثال قائم کردی کہ اتحاد کی طاقت اور جذبہ شہادت ہو تو جنگی وسائل افرادی قوت اور رقبے میں چھوٹا ملک بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنےٹیکنے پر مجبور کر سکتا ہے۔
چھ ستمبر کا قومی دن ارض پاک کیلئے جانیں نچھاور کرنے کے اِسی پیغام کا علمبردار ہے ۔
ستمبر 1965 جب پاکستان نے جنگی دنیا میں نئی تاریخ رقم کی ، اتحاد اور جذبہ شہادت کی طاقت نے کئی گنا بڑے دشمن کو ڈھیر کرکے رکھ دیا ، پاکستانی فوج اور قوم کو غافل سمجھنے کی حماقت بھارت کیلئے عالمی شرمندگی بن گئی ۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹینکوں کا سب سے بڑا حملہ بھارت نے 1965 میں کیا ، پاک فوج کی منفرد فدائی حکمت عملی نے محاذ کو دشمن ٹینکوں کا قبرستان بنا دیا ، غیور پاکستانی قوم کو تر نوالہ سمجھنے والا دشمن نشان عبرت بنا دیا گیا۔
1965 میں بھارت نے پاکستانی فوج اور قوم کو غافل سمجھنے کی حماقت کی اور بین الاقوامی سرحد پار کرکے حملہ تو کردیا لیکن پھر اس کی جو درگت بنی اس کے زخم خود دشمن بھی آج تک چاٹ رہا ہے۔
دنیا نے دیکھا کہ جب مسلح افواج اور پوری قوم ایک ساتھ اور جذبہ شہادت سے سرشار ہو تو دشمن کو کیسے خاک چاٹنا پڑتی ہے۔
نائب رسالدار ریٹائرڈ غیاث محمد کے مطابق جب ہمیں پتا چلا کہ بارڈر پر دشمن گڑبڑ کر رہا ہے تو ہم نے بھی اپنی تیاری پکڑ لی، چھمب جوڑیاں کے مقام پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور پاکستان کا جھنڈا لہرایا، اس وقت صرف پاکستان آرمی نہیں بلکہ بچہ بچہ جوش میں تھا۔
نائب صوبیدار ریٹائرڈ عبدالحفیظ کے مطابق جہلم کے مقام پر ہمیں حکم ملا کہ فوراً حفاظتی اقدامات کے لئے تیار ہو جاؤ، اس وقت ہر پاکستانی میں نہایت جوش اور جذبہ تھا جس کی وجہ سے ہم نے جنگ جیتی، پوری قوم اس وقت بھی اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
صوبیدار ریٹائرڈ میجر علی شان کے مطابق جب پتہ چلا کہ بھارت نے اپنی فوج لاہور اور سیالکوٹ بارڈر پر بھیجی ہے تو ہم نے بھی رائے ونڈ کی جانب واپسی اختیار کی۔
سپاہی ریٹائرڈ عبدالوحید کے مطابق ہمارے جوانوں نے وہ کر دکھایا جس کی مثال نہیں ملتی، ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے ، پاک فوج نے دشمن کے تمام ٹینک تباہ کر دئیے۔
جنگ ستمبر نے دنیا کو بتا دیا کہ غیور پاکستانی قوم کو تر نوالہ سمجھنے والے نشان عبرت بن گئے۔