لاہور میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کا سرغنہ ڈاکٹر فواد ممتاز پولیس کی حراست سے فرارہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کرنیوالے سرغنہ ڈاکٹر فواد ممتاز کو دو مسلح افراد نے پانچ اہلکاروں کواسلحہ دکھاکرفرارکرادیا۔ ملزم نےمرحوم اداکارعمرشریف کی بیٹی سمیت متعدد افراد کے گردوں کا غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کرچکا ہے،نگران وزیرصحت نے مقدمےمیں دہشتگردی دفعات شامل کرنے کی سفارش کردی۔
19مقدمات میں نامزد ڈاکٹرفواد ممتاز ڈرامائی انداز میں پولیس کی حراست سے فرار ہوا ہے۔پولیس سرجن فواد ممتاز کوچند روز قبل اٹک جیل سے تفتیش کیلئے لاہورلائی تھی۔
وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لیجاتے ہوئےدو مسلح افراد نے اسے اسلحہ کےزور پرفرارکرادیاواقعہ کا مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاؤن میں درج کرلیا گیا ہے ۔
ملزم ڈاکٹر فواد ممتاز نے تین سال قبل مرحوم اداکارعمر شریف کی بیٹی کے گردوں کا ٹرانسپلانٹ بھی کیا تھاجوچند دن بعد ہی انتقال کرگئی تھیں۔
نگران وزیرصحت ڈاکٹرجاوید اکرم کا کہنا ہے ملزم فواد ممتاز کیخلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی تجویزدیدی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے گردوں کی پیوند کاری کرنے والے نیٹ ورک میں شامل افراد سے تفتیش جاری ہے فواد ممتاز کوجلدگرفتار کرلیا جائے گا ۔