پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی، خلیج تعاون تنظیم کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیدی گئی۔
پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا آزادانہ تجارت کے معاہدے پر اتفاق رائے ہوگیا۔
پاکستان اور جی سی سی کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے سے متعلق نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر اعجاز گوہر اور جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کردیئے۔
حکام کے مطابق پاکستان اور جی سی سی کے مابین پاکستان ۔ جی سی سی ایف ٹی اے پر مذاکرات کا حتمی دور ریاض میں مکمل ہوگیا، فریقین کے درمیان مذاکرات 26 تا 28 ستمبر کو جی سی سی ہیڈ کوارٹر ریاض میں ہوئے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 2009ء سے لیکر اب تک کسی بھی خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا یہ پہلا معاہدہ ہے جو فریقین کے درمیان اقتصادی تعاون کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کے خلیج تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور آزادانہ تجارت کا یہ معاہدہ ان ممالک کے ساتھ ہمارے معاشی تعلقات کے فروغ کا سبب بنے گا۔
آزادانہ تجارت کے معاہدے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز اور جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جیسم محمد البداوی نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔
فریقین نے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کا یہ معاہدہ اقتصادی خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا۔
واضح رہے کہ مشترکہ اعلامیہ کے بعد دونوں ممالک انتظامی سطح پر اس معاہدے کی منظوری دیں گے، جس کے بعد معاہدہ پر باقاعدہ دستخط کئے جائیں گے اور یہ معاہدہ قابل عمل ہوجائے گا۔