امریکا کو شٹ ڈاؤن سے بچانے کیلئے کانگریس کے پاس ایک دن باقی رہ گیا، فنڈنگ بل منظور نہ ہونے کی صورت میں یکم اکتوبر کو لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوسکتے ہیں جبکہ 70 لاکھ خواتین اور بچوں کے خوراک کی کمی سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکی حکومت اور اراکین پارلیمنٹ کے دمیان اختلافات برقرار ہیں، شٹ ڈاؤن سے بچنے کیلئے کانگریس کے پاس صرف ایک دن رہ گیا ہے، حکومت اور اپوزیشن کا مشترکہ فنڈنگ بل منظور نہ ہونے کی صورت میں لاکھوں ملازمین تںخواہوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز فنڈنگ بل پر دستخط نہ ہوئے تو یکم اکتوبر کو 21 لاکھ ملازمین تنخواہوں سے محروم رہیں گے جبکہ چالیس لاکھ کنٹریکٹرز کو چیک جاری نہیں ہوں گے اور 70 لاکھ خواتین اور بچوں کو خوراک فراہم کرنے والے ادارے سپلی مینٹل فوڈ اسسٹنٹ پروگرام کے پاس خرچ کرنے کو پھوٹی کوڑی نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق شٹ ڈاؤن کی صورت میں امریکی وزارت دفاع کے تیرہ لاکھ ملازمین بغیر تنخواہ کے کام کریں گے، جن میں حاضر سروس فوجی اہلکار اور دیگر کنٹریکٹرز شامل ہیں۔