صدر مملکت آصف علی زرداری نے جرائم کی روک تھام کیلئے سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مؤثر رابطوں کا نظام تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت آصف زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے داخلہ محسن نقوی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، صوبائی وزاء شرجیل میمن، ناصر شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے شرکت کی جبکہ وفاقی اور صوبائی اعلٰی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی، کچے اور صوبے کی مجموعی سیکورٹی کے حوالے سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی بریفنگ
دوران اجلاس وزیراعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو امن و امان، اسٹریٹ کرائم اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم، کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی سے امن و امان بہتر ہوا اور گزشتہ سال کی نسبت رواں سال جرائم کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے شہروں کی نسبت کراچی میں جرائم کے واقعات کم ہوئے، صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کیلئے ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
مرادعلی شاہ نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس نے اہم اقدامات کئے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کچے کے علاقوں میں بھی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
صدر مملکت کی ہدایات
اجلاس کے دوران صدر مملکت نے ہدایات جاری کیں کہ کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے اور کراچی سیف سٹی پروجیکٹ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جبکہ پولیس چوری شدہ مال کی مؤثر ٹریکنگ یقینی بنائے اور مناسب قانونی بھی کارروائی کرے۔
صدر مملکت نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے اور سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے مزید پولیس چوکیاں قائم کی جائیں جبکہ کچے کے علاقوں میں قبائلی مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی اور مقامی رہنماؤں کی مدد لی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے سندھ پولیس کو ضروری سامان فراہم کیا جائے۔
منشیات کے پھیلاؤ پر اظہار تشویش
صدر آصف زرداری نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو منشیات سے پاک شہر بنانا ہوگا ، طلبہ کے لازمی ٹیسٹ اور بحالی مراکز کیلئے خصوصی قانون بنایا جاسکتا ہے، سندھ حکومت والدین کو منشیات کے خلاف آگاہی دے ۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے مقدمات میں پولیس کو بھی اختیار دیا جاسکتا ہے، وفاقی انسدادِ منشیات قوانین میں ضروری ترامیم کیلئے تجاویز دی جاسکتی ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، سندھ پولیس ڈرگ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔
ترقیاتی کام تیز کرنے پر زور
صدر مملکت نے سندھ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر بھی ترقیاتی کام شروع کیے جائیں۔