پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت طے کی گئی وزارتیں ختم کی جائیں اور ای او بی صوبے کو منتقل کیا جائے۔
کراچی میں پیپلزلیبربیورو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی محنت کی وجہ سے دنیا بھرکی معیشت چلتی ہے، اگر اشرافیہ پیسہ کماتے ہیں تو مزدوروں کی محنت کی وجہ سے کماتے ہیں، اشرافیہ کا کاروبار مزدوروں کی محنت کی وجہ سے چلتا ہے اور ہمارے ادارے مزدوروں کی محنت کی وجہ سے چلتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی، آمروں کی مزدور دشمن پالیسیاں ختم کیں، تںخواہوں اور پنشن میں تاریخی اضافہ کیا، پیپلز پارٹی کا فلسفہ سادہ ہے کہ مزدوروں کو محنت کا صلہ ملنا چاہیے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے مزدوروں کے حقوق کیلئے قانون سازی کی، قائد عوام شہید بھٹو نے آئین میں مزدوروں کیلئے حقوق رکھے ہیں، ضیا کی آمریت میں گرفتار لیبر رہنماؤں کو بینظیر بھٹو نے رہا کرایا جبکہ بینظیر بھٹو نے مزدوروں کی جدوجہد کو آگے بڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے 18 ویں ترمیم میں مزدور دشمن قوانین ختم کیے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کیلئے آواز اٹھاتے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت طے کی گئی وزارتیں ختم کی جائیں، ہم صوبائی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، وفاق بھی مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کو اسٹیل مل نہیں چاہیے تو سندھ حکومت خریدے گی، ہم اسٹیل مل چلائیں گے اور مزدوروں کا خیال رکھیں گے۔