بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی ہوگئی۔
پیر کے روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں ایک سو نوے ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کی۔
دوران سماعت مزید چار گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرا دیئے جبکہ ایک گواہ پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلاء نے جرح بھی مکمل کر لی۔
ریفرنس میں مجموعی طور پر 25 گواہان کے بیانات قلمبند اور 16 گواہوں پر جرح ہو چکی ہے ۔
بعدازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب حکومت نے کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیے ہیں۔
وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سابق سیکرٹری اعظم خان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا گیا ہے جبکہ راجہ منظور کیانی اور عارف رحیم کے نام بھی فہرست سے نکال دیئے گئے ہیں۔
نوید اکبر ، سکندر حیات ، نثار محمد، غلام حیدر اورعارف نذیر بٹ کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے نام ای سی ایل میں برقرار رہیں گے جبکہ فرح گوگی اور زلفی بخاری کے نام بھی لسٹ میں شامل رہیں گے۔