وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے اسحاق ڈار کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار اس وقت وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
خیال رہے کہ اسحاق ڈار ملک کے تیسرے نائب وزیراعظم ہیں۔
سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو ملک کے پہلےنائب وزیراعظم تھے جو 7 دسمبر 1971ء سے 20 دسمبر 1971ء تک نائب وزیراعظم رہے۔
چودھری پرویزالہیٰ ملک کے دوسرے نائب وزیراعظم تھے جو 25 جون 2012ء سے 16 مارچ 2013ء تک نائب وزیراعظم رہے۔