سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کو اغواکر لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے جج کے اغوا کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اختر حیات خان گنڈاپور کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن جج کو ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل جاتے ہوئے راستے میں اغوا کیا گیا ، ملزمان نے جاتے جاتے سیشن جج کی گاڑی کو آگ لگا دی جبکہ ان کے سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کو چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جج کو بازیاب کرانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، جج کا مبینہ اغواء انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، صوبائی حکومت جج کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی،مبینہ مغوی جج کی خیریت اور بحفاظت بازیابی کے لئے دعاگو ہوں۔