اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہ ڈاکٹر محمد الجسیر کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے بعد ترقی پزیر ممالک کو تاحال بدترین معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ان کی ترقی کی شرح مزید خراب ہوسکتی ہے۔
اسلامی ترقیاتی بنک کے پچاس برس مکمل ہونے پر ریاض میں جاری گولڈن جوبلی اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد الجسیر نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک میں ناقابل یقین معاشی مواقع موجود ہیں جو اجاگر کیے جانے کے منتظر ہیں۔ دنیا کو طویل مدتی حل کی اشد ضرورت ہے جو انفراسٹرکچر کے پائیدار منصوبوں میں پوشیدہ ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک کا سالانہ اجلاس آج سے سعودی دارالحکومت ریاض میں شروع ہوگیا ہے جو 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ سالانہ اجلاس میں بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے مبصرین کے علاوہ پاکستان سمیت رکن ممالک کے وفود شریک ہیں۔ جو پائیدار ترقی اور ادارے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اجلاس میں پاکستان سمیت 75 رکن ممالک کے وفود شریک ہیں۔ جو رکن ممالک کو درپیش چیلنجز پر مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اسلامی بینکاری، انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور اور دیگر اقتصادی مسائل پر گفت و شنید ہوگی۔
اجلاس میں اسلامی بینکاری، اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری سمیت اہم معاشی امور پر مباحثے ہوں گے۔ مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ دیگر ایونٹس بھی ہوں گے۔ جن میں بین الاقوامی، علاقائی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی تعلق رکھنے والے ماہرین رکن ممالک کو درپیش مسائل پر بات کریں گے۔
اجلاس کے سائیڈ لائن میں گیمبیا کے وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجسیر سے ملاقات کی اور چار دہائیوں پر مشتمل تعاون پر ادارے کے اقدامات کو سراہا۔