وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کے حوالے سے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں بجلی کے ترسیلی نظام خصوصاً این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران کم بجلی استعمال کرنے والے پنکھے کم آمدن والے صارفین کو فراہم کرنے کا پلان بھی طلب کیا گیا۔
وزیر اعظم نے سفارشات کو حتمی شکل دینے اور اصلاحات کیلئے کمیٹی قائم کی جبکہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے وزیرِاعظم آفس میں خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا۔
پی ایم اسپیشل سیل بجلی کے شعبے میں تنظیم نو و اصلاحاتی عمل کی نگرانی کرے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کو کم نرخ پر بجلی فراہم کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، حکومتی محکموں میں مؤثر سزا و جزا کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر ماہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی خود صدارت کروں گا۔
تقریب سے خطاب
علاوہ ازیں آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کی خدمات کی پذیرائی کے عالمی دن پر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے معاشی خود مختاری میں کامیابیاں سمیٹتی خواتین کی حوصلہ افزائی پر زور دیا اور کہا صنفی امتیاز کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، سعودی عرب میں کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں چالیس فیصد خواتین کام کرتی ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا انتہائی باصلاحیت لاکھوں نوجوان ملک کا عظیم اثاثہ ہیں ، ان کی صلاحیتوں سے استفادے کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کریں گے، فن ٹیک کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، اپنا اکاؤنٹ اور پیسے کمائیں، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سمیت ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے۔