ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ سیریز ’ ہیری پوٹر ‘ کے اداکار مائیکل گیمبون 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکار مائیکل گیمبون کے انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی، ان کی اہلیہ لیڈی گیمبون اور بیٹے فرگس نے بتایا کہ وہ نمونیا کے مرض میں مبتلا تھے اور اپنی فیملی کی موجودگی میں ان کا انتقال ہسپتال میں ہوا۔
مائیکل گیمبون نے ہیری پوٹر سیریز کے آٹھ حصوں میں سے چھ میں پروفیسر البس ڈمبلڈور کا کردار ادا کیا تھا جس نے کافی شہرت حاصل کی۔
ڈبلن میں پیدا ہونے والے اسٹار نے اپنے چھ دہائیوں کے کیریئر میں ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو میں کام کیا اور چار بار برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس ( بافٹاس ) ایوارڈ بھی جیتا۔
مائیکل کا خاندان ان کے بچن میں لندن چلا گیا تھا لیکن انہوں نے 1962 میں ڈبلن میں اوتھیلو کی پروڈکشن میں آئرلینڈ میں اپنی پہلی اسٹیج پرفارمنس دی۔
گیمبون نے 2003 میں رچرڈ ہیرس کی موت کے بعد JK رولنگ کے ناول پر مبنی ہٹ ہیری پوٹر سیریز میں وزرڈنگ اسکول ہاگ وارٹس کے ہیڈ ماسٹر ڈمبلڈور کا کردار ادا کیا۔
آئرش وزیر اعظم لیو وراڈکر نے مائیکل گیمبون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ’ عظیم اداکار‘ قرار دیا۔