پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ حتمی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے مفاہمت کی بات کی، انہوں نے ایک مکمل روڈ میپ دیا لیکن اپوزیشن کی دلچسپی پارلیمنٹ میں نہیں اور وہ ذاتی فائدے کو ترجیج دے رہی ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایوان میں گالی گلوچ اور سیٹی بجانا مہذب معاشرے کا کام نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں دہشتگردی کا واقعہ ناکام بنانے پر سندھ پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے تانے بانے بیرون ملک سے مل رہے ہیں ، یہ خطرناک رجحان ہے۔
انہوں نے سابق پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کو موجودہ دہشت گردی کی وجہ بھی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے پاک سرزمین پر دہشتگردی خطرناک رجحان ہے، سابق پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کے باعث دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے۔