ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گورک نے دورہ پاکستان کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، آرمی چیف اور ائیر چیف سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں علاقائی امن واستحکام کیلئے پاک فوج کےکردار اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
ترک چیف آف سٹاف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر چیف آف ترکش جنرل اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ جنرل متین گورک نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں ترک عسکری قائد نے باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا اور دفاع ، تربیت اور علاقائی امن واستحکام کے فروغ پربات ہوئی ۔
فریقین کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کےمزید فروغ اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک ترک مسلح افواج کےدرمیان موجودہ تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔
جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر بھی جنرل متین گورک کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ جے سی ایس سی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات میں اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم دہرایا۔
ترک جنرل ائیر ہیڈ کوارٹرز بھی پہنچے جہاں ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔