سول ایوی ایشن نے جنوری سے جون تک پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں میں باقاعدگی کی درجہ بندی رپورٹ جاری کردی۔ رواں سال کوئی بھی پاکستانی ایئر لائن مسافروں کو بروقت منزل مقصود پر نہ پہنچا سکی۔
رپورٹ کے مطابق قومی ائیرلائن کا سب سے برا حال ہے، اندرون ملک پروازوں کی درجہ بندی میں قومی ایئرلائن پانچویں نمبر پر آگئی۔ بروقت پروازوں کی روانگی کی درجہ بندی میں پہلے چاروں نمبر پر نجی ائیر لائنز رہیں۔
رپورٹ کے مطابق کوئی بھی پاکستانی ائیرلائن بروقت پروازوں کی روانگی کی 100 فیصد شرح برقرار نہ رکھ سکی، اندرون ملک جانیوالی پی آئی اے کی پروازوں کی روانگی کا تناسب58.24 فیصد رہا۔
دوسری جانب سیالکوٹ سے جدہ کیلئے پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ پرواز پی کے 745 روانگی کے ڈیڑھ گھنٹے بعد فنی خرابی پیدا ہوئی، ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کو کراچی موڑ دیا گیا۔