روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 ماہ بعد کمی متوقع ہے۔
ایک موقر روزنامے کی رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک کی مدت کے لیے تقریباً 5 روپے سے 19 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی گزشتہ 2 ماہ کے دوران پہلی بار ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں آخری بار جولائی کے وسط میں کمی کی گئی تھی، جب پیٹرول 9 روپے فی لیٹر کم کرکے 253 روپے اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر کم کرکے 253 روپے 50 پیسے کا کر دیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ موجودہ ٹیکس کی شرح اور دیگر اوور ہیڈز کی بنیاد پر آئندہ جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 19 روپے فی لیٹر تک کی کمی آسکتی ہے کیونکہ اس کی عالمی قیمت میں 2 فیصد کمی آئی ہے، جو 101 ڈالر فی بیرل سے 99 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تقریباً 10.5 روپے کا اضافہ بھی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا یہ پہلا موقع ہوگا، 15 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 58 روپے 43 پیسے اور 55 روپے 83 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا، دونوں مصنوعات فی الحال 333 اور 331 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے 40 روپے جبکہ انٹربینک میں ڈالر اب تک بلند ترین سطح سے تقریباً 19 روپے سستا ہوچکا ہے۔