وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں نان اور روٹی کی سرکاری نرخ پر فروخت کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس کے دوران عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان اسمبلی نے عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مریم نواز توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کر رہی ہیں۔
ملاقات کرنیوالوں میں ارکان اسمبلی زاہد اکرم ، اجمل خان ، محمد کاشف اور آغا علی حیدر شامل تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں نان، روٹی کی سرکاری نرخ پر فروخت کی مانیٹرنگ کریں، صوبہ بھرکے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو 6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائیگا، سوفیصد مفت ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائیگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر و مرمت 5 ایکسپریس وے اور 3 موٹرویز بنائیں گے۔