وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بجلی کی اووربلنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی ہدایات جاری کردیں۔ ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن ونگ کے افسران پر مبنی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
موسم گرما میں بجلی صارفین کو اووربلنگ سے بچانے کے لیے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی خود متحرک ہوگئے۔ وزیرداخلہ نے اوور بلنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جن میں اینٹی کرپشن ونگ اور دیگر اعلٰی افسران شامل ہیں۔
ایف آئی اے افسر ہربجلی تقسیم کار کمپنی کی بلنگ اور بجلی چوری کی مانیٹرنگ کرے گا۔ آئیسکو کے لیے افضل خان نیازی کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر احمد، گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے زوار منظور کو فوکل پرسن مامور کیا گیا ہے۔
تمام افسران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ مشترکہ طور پر کارروائی کرینگے۔ ایف آئی اے افسران بجلی چوری اور اووربلنگ کی رپورٹ براہ راست وزیرداخلہ کو دیں گے۔ ایف آئی اے افسران کو اووربلنگ اوربجلی چوری میں ملوث افسران کےخلاف کارروائی کا اختیار ہوگا۔