وزیر خزانہ محمد اونگزیب نے واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
وزیر خزانہ محمد اونگزیب کی دورہ واشنگٹن کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے رہنماوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور سے ملاقاتوں میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔ عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اور محصولات میں اضافے کے لیے اصلاحات کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ پر محیط اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض پروگرام کے تحت جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی ترقی، ٹیکس، توانائی اور نجکاری کے ترجیحی شعبوں میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
فریقین نے 10 سال کے لیے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اور محصولات میں اضافے کے لیے اصلاحات کو سراہا۔ ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔ وزیر خزانہ نے صدر عالمی بینک کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا سے بھی ملاقات کی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رعایتی فنانسنگ اور مستقبل کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیر خزانہ نے ملک میں جاری معاشی اصلاحات سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل ڈیویلپمبٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے ملاقات کی۔ پاکستان میں ڈی ایف سی کی جانب سے سرمایہ کاری میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل موجودہ مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید فنانسنگ ماڈلز کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ پاکستان میں مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین گزشتہ ماہ اسٹاف لیول معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان نےمعیشت کے استحکام کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، نئے قرض پروگرام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ملکی معیشت کی کامیابی کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ ہماری حمایت غیر متزلزل ہے، پاکستان کے ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات جاری رہیں گے۔