سلام ان ماؤں، بہنوں، بیویوں اور بیٹیوں پر جنہوں نے اپنے پیارے اس وطن کے تحفظ کی خاطر نچھاور کر دیےایسے ہی ایک بہادر افسر لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی شہید تھے جنہوں نے 17 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی خلاف دفاع وطن میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
عید الفطر کے موقع پر لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی شہید کے والد نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاشف میرا ہونہار بیٹا تھا، جو سب کا خیال رکھتا تھا،میرے بیٹے نے اپنے ساتھی جوانوں کی جان بچائی اور اپنے ملک کا نام روشن کیا، میرے بیٹے نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، مجھے اور میرے سب لوگ گھر والوں کو کاشف کی شہادت پر بہت فخر ہے، اللہ تعالیٰ میری بیٹے کے درجات کو بلند کرے کہ وہ ہمارا بھی ذریعہ بنے، میں اپنے بیٹے پر جتنا بھی فخر کروں کم ہے کیونکہ میرے بیٹے نے وطن کے لیے جان دی ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بہادری سے ڈٹ کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، میرے بیٹے کی بچپن سے خواہش تھی کہ وہ شہید کہلائے،جب مجھے کاشف کی شہادت کی اطلاع ملی تو مجھے یقین نہیں آیا،کاشف کی شہادت کی اطلاع ملنے پر میں نے فون کیا تو اس نے فون نہیں اٹھایا، میرے پیروں تلے زمین نکل گئی، جب ٹی وی پہ دیکھا تو یقین آیا کہ میرا بیٹا شہید ہو گیا ہے، اللہ تعالیٰ ان تمام جوانوں کی حفاظت کرے جو بارڈر پر تعینات ہیں، میں شہید کی والدہ ہوں، میرا پاک فوج کے جوانوں کے لئے پیغام ہے کہ وہ ملک کی حفاظت کریں، میرا جوانوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ دشمنوں اور دہشتگردوں کا ڈٹ کے مقابلہ کریں جیسے کاشف نے کیا۔
لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ میرے اور بھائی میں بہت گہری دوستی تھی اور ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کو بھائی سے بڑھ کر دوست سمجھا تھا،جب بھائی کی شہادت کی خبر ملی تو لگا کہ میں خواب دیکھ رہا ہوں،آج عید کا دن ہے تو میں آج بھی ان کو اپنے ساتھ دیکھ رہا ہوں اور محسوس کر رہا ہوں۔
کاشف علی شہید کی بہن کا کہنا تھا کہ میرے بھائی بالکل میرا والد جیسا خیال رکھتے تھے،وہ میری ہر خواہش پوری کرتے تھے اور میری ہر ضرورت کا خیال رکھتے تھے، میرے بھائی مجھے ہر جگہ اپنے ساتھ لے کر جاتے تھے اور گھماتے پھرتے تھے، میرے بھائی مجھے اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتے تھے،بھائی چلے گئے ہیں لیکن بھائی کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی، آج عید کا دن ہے لیکن وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔
شہداء ارضِ پاک کی قربانیاں اور ان کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے اور عید کے اس پر مسرت موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا اور خراج تحسین پیش کرنا ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے جب تک اس پاک سر زمین کے بہادر سپوت موجود ہیں پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔