چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کیخلاف چوکس رہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں میران شاہ اور سپن وام کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آرمی چیف نے عیدالفطر شمالی وزیرستان میں تعینات جوانوں کے ساتھ منائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگیں اور جوانوں کی قوم کیلئے غیر متزلزل لگن اور خدمات کو سراہا اور عیدالفطر کی دلی مبارکباد دی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیرکو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف نے شہداء کی امن و استحکام کے فروغ کیلئے قربانیوں کوخراج عیقدت پیش کیا اور قربانیوں سے حاصل کئے گئے امن کی پائیداری کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہداءکی قربانیوں نے ضمن شدہہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا، تمام اسٹیک ہولڈرز خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کیخلاف چوکس رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔