پاکستان میں توانائی بحران کو قابو کرنے کیلئے غیر ملکی کمپنیوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے متبادل ذرائع ’ونڈ اور سولر پاور ‘سے روشنیوں کے شہر کو ایک مرتبہ پھر سے روشن کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق شہر قائد میں یہ انقلابی اقدام توانائی بحران پر قابو پانے میں اپنی مثال آپ ہو گا اور اس کے ذریعے شہریوں کو سستی بجلی میسر آئے گی ۔ نجی کمپنیاں کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر متبادل ذرائع سے شہریوں کو بجلی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کریں گی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے نجی کمپنیوں کو لکھا جانے والا خط ’ سماء‘ نیوز نے حاصل کر لیاہے جس میں درج انقلابی اقدامات یقینی طور پر کراچی کے شہریوں کی زندگیوں کو روشن کر دیں گے۔
ہوا اور شمستی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ ملک میں 400 ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کے دروازے کھولیں گے جوکہ ہچکولے کھاتےمعیشت کیلئے بھی ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا جبکہ یہ انقلابی منصوبے کے الیکٹرک کے اشتراک سے لگائے جائیں گے ۔
سماء نیوز کے نمائندہ خصوصی رضوان عالم سے خصوسی گفتگو کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے خوشخبری سنائی کہ ہوا اور شمسی توانائی کے ذریعے 640 میگا واٹ بجلی موجودہ نظام میں آئندہ دو سالوں کے اندر شامل ہو جائے گی جوکہ توانائی کے شعبے میں ایک قابل قدر اضافہ تصور ہو گا ۔
40 ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں متبادل توانائی کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے بے تاب دکھائی دیتی ہیں اور کراچی اس تبدیلی کو باہیں کھولے خوش آمدید کہہ رہاہے ۔کے الیکٹر کے مونس علوی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یورپ ، چین اور مشرق وسطیٰ کی 12 غیر ملکی کمپنیاں ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبے میں اپنا حصہ ڈالنے کی یقین دہانی کروا چکی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے ان منصبوں کی تنصیب حب، اتھل، بیلہ اور سرجانی ٹاون میں کی جائے گی ۔