اسلام آباد کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی و دیگر کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی،شیخ رشید، اسدعمر ، علی نواز اعوان، راجاخرم کے خلاف لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں درخواست بریت پر سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران کی عدالت میں شیخ رشید، علی نواز اعوان، صداقت عباسی پیش ہوئے،وکلاء صفائی سردار مصروف ، آمنہ علی، رضوان اعوان اور مرزا عاصم عدالت پیش ہوئے۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا گزشتہ سال فروری میں بریت کی درخواست دائر کی تھی ،ہم اس کیس میں بریت کی درخواست پر آج دلائل دینا چاہتے ہیں۔
جج نے ریمارکس دیے چالان عدالت میں آگئے ہیں۔ وکیل صفائی نےکہامقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت درج کیاگیا، مقدمے میں کوئی شواہد موجود نہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج وغیرہ کچھ بھی نہیں،متعلقہ مدعی کی طرف سے مقدمہ درج کروایا ہی نہیں گیا۔
عدالت نے درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے چھ جون کی تاریخ مقرر کردی۔ ریمارکس دیے تمام ملزمان کی درخواست بریت پر ایک ساتھ فیصلہ سنایا جائے گا۔