راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید، شیخ راشد شفیق اور زرتاج گُل سمیت 59 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کردی، آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی سے متعلق 3 تھانوں (تھانہ ٹیکسلا، مورگاہ، کینٹ) کے مقدمات کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کی۔
شیخ رشید، سابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر راجا اور زرتاج گل اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کو چالان کی نقول پیش کرنے کا حکم دیا اور مقدموں میں دہشت گردی کی دفعات پر بھی سوالات اٹھائے۔
دریں اثنا شیخ رشید، شیخ راشد شفیق، کرنل اجمل صابر، زرتاج گل، چوہدری ساجد، واثق قیوم، تیمور مسعود اکبر سمیت 59 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کردی گئیں۔ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا تھا۔