پاک چین سرحد خنجراب 4 ماہ بند رہنے کے بعد آج سے تجارت اور سیاحت کے لیے کھول دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سرد موسم اور برف باری کے باعث 4 ماہ سے بند پاک چین خنجراب سرحد کو تجارت اور سیاحت کے لیے کھول دی گئی۔ سرحد کھلنے سے دو طرفہ تجارت اور سیاحت کا آغاز ہوگا۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی معاہدے کے تحت ہر سال پاک چین سرحد کو یکم دسمبر سے 31 مارچ تک بند کیا جاتا ہے۔ بارڈر حکام کے مطابق سرحدی معاہدے کے تحت سرد موسم اور برف باری کے باعث سرحدی آمد و رفت بند کی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان چار ماہ کے دوران خنجراب سرحد سے پاک چین تجارتی اور سیاحتی سرگرمیاں بھی بند رہتی ہیں تاہم ملکی سطح کے ترقیاتی کاموں کے سامان کی ترسیل جاری رہتی ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے سرحدی علاقہ سوست اور چین کے شہر تاشغرغن کے مسافر گاڑیوں کے علاوہ گڈ ٹرانسپورٹ بھی شروع ہوگئی ہے۔