بابر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کاکپتان بنا دیا گیا۔ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کاکپتان بنا دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے بابراعظم کو متفقہ طور پر نامزد کیا تھا، سلیکشن کمیٹی کی تجویز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کوکپتان مقرر کیا۔
یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کر دیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
اسٹار بلے باز کو کپتانی دینے سے قبل محسن نقوی اور بابر اعظم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں کپتانی سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور گرین شرٹس کو23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔