پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے مشاورت کے بعد بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیاہے جس کا اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیاہے ۔
سماء نیوز کوذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پی سی بی عہدیداروں کی جانب سے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے ، شاہین آفریدی نے پی سی بی حکام سے سوال کیا کہ کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتائی جائیں جس پر بورڈ حکام شاہین کو کوئی جواب نہ دے سکے تاہم اتنا ہی کہا کہ بابراعظم کو کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے حال ہی میں نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جس میں تمام ممبران کو یکساں اختیارات دیئے گئے اور انہیں کپتان سے متعلق تجاویز فراہم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ۔ سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کرکے تجاویز چیئرمین کو بھجوائیں جس میں بابراعظم اور محمد رضوان کانام کپتان کیلئے تجویز کیا گیا تھا ۔