نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) نے 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کردی۔
نیپرا نے بجلی کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق کراچی سیمت ملک بھر کے صارفین سے آئندہ تین ماہ میں 85 ارب 20 کروڑ روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے مقابلے میں دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 68 پییسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیپرا نے ڈسکوز کے مالی سال 2023 اور 24 کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں صارفین سے 4 روپے 43 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جا رہے تھے جبکہ اس کے مقابلے میں صارفین کو دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپیہ 68 پیسے فی یونٹ کا ریلیف مل رہا ہے۔
دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے اضافی وصولی اپریل، مئی اور جون کے ماہانہ بلوں میں کی جائے گی۔
50 یونٹ والے لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا جبکہ وصولی کراچی الیکٹرک کے صارفین سے بھی کی جائے گی۔