وزیر اعظم شہباز شریف کی آج چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ کے ہمراہ چیف جسٹس سے ملیں گے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ہوا جس میں خط کا جائزہ لیا گیا۔
فل کورٹ اجلاس میں تمام ججز نے شرکت کی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کا آئینی اور قانونی جائزہ لیا جبکہ اجلاس میں خط کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی آئینی و قانونی حیثیت پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس دو گھنٹے اور 12 منٹ تک جاری رہا اور تمام ججز نے خط پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس آج دوبارہ ہونے کا امکان ہے اور آج کے ممکنہ فل کورٹ اجلاس میں بھی ججز کے خط سے متعلق مزید جائزہ اور مشاورت متوقع ہے۔