وفاقی وزیر احد چیمہ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو خط لکھ کر کہاہے کہ میرے بچوں کی فیس معاف نہ کی جائے ، اس معاملے میں میری فیملی کی تضحیک ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی خط میں وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ فیس معافی کی پالیسی باقی بچوں کیلئے جاری رکھی جائے، میری اہلیہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ سے اِس معاملے میں تگ و دو کر رہی ہیں ، بچوں کی فیس کے معاملے پر پرنسپل نے کئی بار انڈر دی ٹیبل ڈیل کی پیشکش کی، فیس سے متعلق گورنر پنجاب کے حالیہ حکم سے نئے تنازعہ نے جنم لے لیا، جس سے میری اور اہل خانہ کی تضحیک ہوئی، میرے بچوں کی ایچی سن کالج کی فیس معاف نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ تنازعے کا آغاز اس وقت ہوا جب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے احد چیمہ کی درخواست پر ان کے بچوں کی ایچی سن کالج کی فیس معاف کرتے ہوئے حکمنامہ جاری کیا ، اس کے بعد ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے احتجاجا مستعفیٰ ہوتے ہوئے پاکستان چھوڑ کر جانے کا اعلان کیا ۔
اس کے بعد گورنر پنجاب کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ پرنسپل نے فرار اختیار کرنے کیلئے استعفیٰ دیا ہے جبکہ ان کے خلاف دو سالوں میں 200 سے زائد چھٹیاں کرنے کی انکوائری جاری ہے ۔
گزشتہ روز عطا تارڑ نے معاملے کو سلجھانے کیلئے ایچی سن کالج کے پرنسپل کو فون کیا اور استعفیٰ واپس لینے کی درخواست بھی کی ۔