وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے ٹرینی سب انسپکٹرسے گاڑی روکنے پر بدتمیزی کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیا اور سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے نوجوان پولیس افسر کو دیوٹی انجام دینے پر سراہا ۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم پی اے کے سلوک پر یاسر نصیب سے اظہار ندامت کیا اور اس وقت پیش آنے والا پوراواقعہ سنا۔ ٹرینی سب انسپکٹر نے مریم نواز کو بتایا کہ باغبانپورہ شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کرروکا،ایم پی اے نے اتر کر کہاآپ نے چیک کیوں کیاہے،میں نے کہا اپنی ڈیوٹی کی ہے کوئی بری بات نہیں،ایم پی اے نے مجھ سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ واقعہ پر شرمندہ ہوں،آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے،کسی سے نہیں ڈرنا اورذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی، ایم پی اے ہوچاہے ایم این اے یا چیف منسٹر ،قانون سے بڑا کوئی نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ دل چھوٹا نہ کریں،میں نےایم پی اے کو شوکازنوٹس دیاہے۔
مریم نواز نے سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ٹرانسفر سے سی سی پی او سے استفسار بھی کیا اور ہدایت کی کہ ایسا کوئی واقعہ ہوتومجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔ مریم نواز نے یاسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کسی کوتنگ نہیں کرنا اور ناانصافی نہیں کرنی۔