مسلح افواج نے گوادر، تربت اور بشام میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کو غیر مستحکم کرنا قرار دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی ترقی روکنے کیلئے ہمارے اسٹریٹجک اتحادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن پوری قوم یکجہتی کیلئے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بشام واقعہ میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بے قصور شہریوں کے جانی نقصان پر دلی افسوس اورچین سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
بیان میں حملہ آوروں کو چین کی مدد سے انجام تک پہنچانے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا اور یہ بھی واضح کر دیا کہ امن دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر اور تربت میں دہشتگردوں کے بزدلانہ وار مسلح افواج نے ناکام بنائے۔
بیان میں کہا گیا کہ بشام حملے سے پاک، چین اختلافات پیدا کرنے کی گھناؤنی کوشش کی گئی لیکن پوری قوم یکجہتی کیلئے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ، چین کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان اور چین مل کر دہشتگردی کی لعنت کو ختم کریں گے۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے نے واضح کیا کہ پاکستان فرنٹ لائن ریاست کے طور پر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے، ذاتی مفادات کیلئے دہشت گردوں کی مدد اور سرپرستی کرنے والے عناصر مسلسل بے نقاب ہو رہے ہیں جن کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔