اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ضمانت کے کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی وڈیو لنک پرحاضری نہ لگوائی جاسکی جبکہ حکم کے باوجود جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ آج بھی عدالت می پیش نہ ہوئے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے اور سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ اڈیالہ جیل کو حکم دیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 4 اپریل کو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو ویڈیو لنک سسٹم ٹھیک کروا کر بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگوانے کا حکم دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول ، رمنا ، سیکرٹریٹ ، کوہسار ، اور تھانہ کراچی کمپنی میں 6 مقدمات درج ہیں جبکہ بشری بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔