وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر طالبان نے حملے بند نہ کئے تو ہم ان کی تجارتی راہداری بند کر دیں گے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فروری 2023 میں طالبان سے کہا تھا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) کے احسانات کی وجہ سے کابل کے ہاتھ نہ باندھیں، طالبان ٹی ٹی پی کو اپنے ملک سے حملے نہ کرنے دیں، کالعدم ٹی ٹی پی نے 20 سالہ جنگ میں طالبان کی مدد کی تھی۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ طالبان کالعدم ٹی ٹی پی کے احسان کی وجہ سے انہیں پاکستان پر حملوں سے روک نہیں رہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتے، افغانستان میں پانچ سے چھ ہزار ٹی ٹی پی کے کارکن موجود ہیں، لیکن طالبان دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام سے انکار کرتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر افغانستان ہمارے ساتھ دشمن جیسا سلوک کرتا ہے تو ہم انہیں تجارتی راہداری کیوں فراہم کریں؟، اور اگر انہوں نے حملے بند نہ کئے تو ہم تجارتی راہداری بند کردیں گے۔