نائجیریا کی مقبول ترین اداکاراؤں میں سے ایک امل عمر کو پولیس افسر کو رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کی معروف اداکارہ امل عمر کو ریاست کانو میں ایک پولیس افسر کو رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امل عمر نے ایک پولیس افسر کو اپنی ضبط کی گئی کار کو چھوڑنے کے لیے250,000 نیرا ( 175 ڈالر ) دیئے۔
تاہم، اداکارہ کی وکیل ادامہ عثمان کا کہنا ہے کہ وہ الزامات کی تردید کرتی ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس افسر نے پہلے خود پیسے مانگے۔
امل عمر گزشتہ ایک دہائی میں سینکڑوں فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں اور پڑوسی ممالک میں بھی مشہور ہیں جبکہ ان کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز بھی ہیں۔
پولیس کے مطابق امل کی کار کو ایک سال قبل اس شبہ میں ضبط کیا گیا تھا کہ یہ ان کے بوائے فرینڈ کی جانب سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کی رقم سے خریدی گئی تھی۔
تاہم، وکیل کا کہنا تھا کہ یہ محض اس کے حقوق کے غلط استعمال کا معاملہ ہے، ہم نے عدالت میں ابتدائی مقدمہ جیت لیا جہاں وہ اسے اس کے بوائے فرینڈ کی سرگرمیوں سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے جس میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔
وکیل نے کہا کہ ہم اس کیس کا آخر تک پیچھا کریں گے کیونکہ اسے صرف چیزوں کو تبدیل کرنے کے لیے آنے اور اپنی گاڑی لینے کے لیے بلایا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امل کا بوائے فرینڈ رمضان انووا دھوکہ دہی سے رقم حاصل کرنے کے الزام میں مطلوب ہے اور تاحال فرار ہے۔