ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور انسانی حقوق کی کارکن انجلینا جولی نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز ( ایم ایس ایف ) کے بیان کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ری ٹویٹ کردیا۔
انجلینا جولی نے اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے لیے اجتماعی قبر بن چکا ہے اور یہ بیان انہوں نے ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے اس آفیشل بیان کے حوالے سے دیا جس میں غزہ میں اسرائیلی بمباری، امدادی کارکنوں پر حملوں اور امداد کی راہ میں رکاوٹوں کی شدید مذمت کی گئی تھی۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر جاری بمباری نے فلسطینیوں کی زندگیوں کو دانستہ طور پر تباہ کر دیا ہے جس میں امدادی کارکنوں کی حفاظت کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مارچ 2025ء میں دو ماہ کے جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ فضائی اور زمینی حملے شروع کر دیے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں اور 2 مارچ سے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل بھی مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ انجلینا جولی طویل عرصے سے انسانی حقوق کی علمبردار رہی ہیں اور اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ انہوں نے ماضی میں بھی فلسطین سمیت دنیا بھر کے بحرانوں پر آواز اٹھائی ہے۔
دوسری جانب ایکس پر انجلینا جولی کے اس ری ٹویٹ کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے جہاں صارفین نے ان کے اس اقدام کو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا ایک طاقتور پیغام قرار دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ کسی عرب رہنما نے ایسی بات کہنے کی جرات نہیں کی لیکن انجلینا جولی نے فلسطینیوں کے درد کو اجاگر کیا۔