وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فلمی صنعت کی بحالی کیلئے فلموں کی تیاری کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فلمی صنعت کی بحالی سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ کمیٹی فلموں کی تیاری کیلئے امدادی رقوم کی منظوری دے گی ۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان اور وزیر اقلیتی امور رامیش سنگھ اروڑہ کمیٹی کے ممبران ہونگے جبکہ خزانہ، پلاننگ، سیاحت اور اطلاعات کے سیکرٹری بھی کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے پہلے فلم سٹی، پوسٹ پروڈکشن لیب، فلم اسٹوڈیو اور پہلے فلم اسکول کے قیام کی منظوری بھی دیدی ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی، پوسٹ پروڈکشن لیب، فلم اسٹوڈیو کیلئے جگہ بھی مختص کردی گئی ہے۔
منصوبوں کے ڈیزائن سمیت دیگر اقدامات پر پیش رفت کا پہلا جائزہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد " پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی " کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔