شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید اور کیپٹن محمد احمد بدرشہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔ صدر آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ شہداء کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا۔
دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر افسروں کو سیاسی اور عسکری قیادت کا سلام عقیدت، لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔ صدرمملکت اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔ شہداء کے لواحقین کو گلے لگ کر دلاسہ دیتے رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے ، ان پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں ، پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کےخلاف اپنی انتھک جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیارات قائم کئے ۔ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیرمتزلزل عزم کی ایک اور شاندار شہادت کے طور پر موجود ہے ، جنہوں نے اپنی مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔
وفاقی وزرا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران ، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ جام شہادت نوش کرنے والے انتالیس سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی ، تئیس سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے ہے ۔ شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دئیے گئے ، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔