براہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےکمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر اور نیٹ ورکنگ سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون کو تقویت دینے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مہم کے وسیع منصوبوں سے آگاہ کیا جن کا مقصد سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور جدید جنگی حکمت عملیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیئے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین لازوال مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی ان تھک کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کو پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور بحرین مسلح افواج کے تکنیکی ڈھانچے کو تقویت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں معززین نے تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوابازی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور عسکری تعاون کے ذریعے موجودہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔